فوجی عدالتیں پاکستان کی ضرورت ہیں اور مخالفت کرنے والے سیاست چمکارہے ہیں, خواجہ محمد آصف

11:30 PM, 11 Mar, 2017

سیالکوٹ: وفاقی وزیر دفاع ، پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ فوجی عدالتیں پاکستان کی ضرورت ہیں اور مخالفت کرنے والے سیاست چمکارہے ہیں کیونکہ پاکستان میں سیاست مفادپرستی کی ہوکر رہ گئی ہے جسے قوم پسند نہیں کرتی کیونکہ یہ ترقی کا نہیں بلکہ بدحالی ومسائل کاراستہ ہے ۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے علامہ اقبال آڈیٹوریم میںحلف برداری کی تقریب میں وکلاء سے خطاب کے دوران کیا ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل ، صدر ڈسٹرکٹ بار شوکت علی ایڈووکیٹ ، سیکرٹری بار زاہد سلیم باجوہ ایڈووکیٹ ، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن)ادریس احمد باجوہ ایڈووکیٹ ، جنرل سیکرٹری شجاعت علی پاشا، محمو دالحسن بابر خان اور دیگر بھی موجودتھے ۔

وفاقی وزیرخواجہ محمد آصف نے مزید کہا ہے کہ فوجی عدالتیں وقت کی ضرورت ہیں اور ان کا ووٹ فوجی عدالتوں کی حمایت میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 25سال قبل جو بندوقیں دی گئی تھی وہ آج ہم پر آگ اگل رہی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مشرقی ومغربی سرحد کا دشمن ایک ہی ہے اور پاکستانی فوج اورقوم بھرپور بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کررہی ہے اور کامیابی سے دہشت گردوں کا قلع قمع کیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اور قوم وطن کا دفاع اوردشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر لوگوں کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ بجلی کی لوڈشیدنگ پر بڑی حد تک قابو پایا جاچکا ہے اورسال2018ء میں آئندہ عام انتخابات سے قبل ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوچکی ہوگی جوکہ ملک وقوم کی بڑی کامیابی ہے ، انہوں نے پاکستان میں عدلیہ کی بحالی ، قانون وانصاف کی بالادستی میں وکلا ء کے بھرپور کردار کو خراج تحسین پیش کیااور کہا کہ وکلاء نے ہمیشہ دین اسلام ، پاکستان اور ترقی وخوشحالی کیلئے شاندارجدوجہد کی ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ میڈیا وکالت اور سیاست اپنا اصل مقام بھول کر کاروبار بن چکے ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ جب ضرورت پڑتی ہی تو فوجی عدالتیں بناتے ہیں کیونکہ موجودہ نظام تباہ ہو چکا ہے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وہ فوجی عدالتوں کے حق میں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے آج ہم پر بندوقیں تانی ہیں بیس پچیس سال پہلے کی ریاست نے ہی انہیں بندوقیں دی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکولوں ،دفاتر ،مساجد اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنانے والے کہاں کے مسلمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو زیادہ اختیارات دینے سے بہتری آئے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا دْشمن ایک ہی ہے اور وہ ہندوستان ہے۔خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ ہندوستان ہماری مشرقی سرحد اور مغربی سرحد پر دہشت گردوں اور افغانستان کو سپورٹ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے افواج پاکستان پوری طاقت کیساتھ کھڑی ہیںاور دشمن کو ہر محاز پر جواب دینے کی طاقت رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں