ممبئی: بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بائیں کندھے میں تکلیف کے باعث معمولی نوعیت کی سرجری کردی گئی لیکن ڈاکٹرز نے آپریشن کے دوران غلطی سے بچنے کے لیے ان کے دائیں بازو پر ’’ناٹ می‘‘ تحریرکیا۔
شاہ رخ خان چوٹ کھانے اور آپریشن کرانے کے عادی ہوچکے ہیں اور اپنے فنی کیرئیر میں اب تک ٹخنے، گھٹنوں، بازوؤں اور کندھوں کے متعدد آپریشن کراچکے ہیں جس کے بعد ڈاکٹرز بھی کسی غلطی سے بچنے کے لیے حیرت انگیز طریقہ اختیار کرلیا ہے۔
شاہ رخ خان کے بائیں کندھے میں کئی عرصے سے تکلیف تھی جس پر آج ان کے کندھے کی معمولی سرجری کی گئی جس کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا لیکن کنگ خان کے ڈاکٹر بھی ان کے کئی آپریشن کے باعث پریشان ہیں اور کسی بھی غلطی سے بچنے کے لیے انہوں نے اداکار کے دائیں بازو پر ’’ناٹ می‘‘ تحریر کیا تا کہ غلطی سے دوسرے کندھے کی سرجری نہ کی جائے۔
دوسری جانب اداکار کی پوسٹ پر مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں کے ساتھ ساتھ ہنسی کا طوفان بھی کھڑا ہوگیا ہے اور ڈاکٹرز کی تحریر کو بے حد پسندکیا جارہا ہے۔