اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلے میں دی گئی گائیڈ لائنز کے مطابق میڈیا رپورٹنگ کی اجازت دے دی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے عدالتی کارروائی کی الیکٹرانک میڈیا میں رپورٹنگ پر پابندی کے پیمرا نوٹیفکیشن کے خلاف رپورٹرز اور صحافتی تنظیموں کی درخواستوں پر سماعت کی۔پیمرا کی جانب سے التوا کی درخواست منظور کر لی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ نے پیمرا نوٹیفکیشن چیلنج کیا تھا۔پیمرا نوٹیفکیشن کیخلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی درخواست کو بھی یکجا کر کے سماعت کی گئی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے ہائی کورٹ بار کے صدر ریاست علی آزاد اور عادل عزیز قاضی عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے حکم دیا کہ الیکٹرانک میڈیا سپریم کورٹ فیصلے میں دی گئی گائیڈ لائنز کے مطابق رپورٹنگ کر سکتا ہے۔
پیمرا کی جانب سے التوا کی درخواست پر ریاست علی آزاد ایڈووکیٹ نے کہا کہ اب بے شک جتنی مرضی لمبی تاریخ دے دیں۔
بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیمرا کی جانب سے التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔