کراچی: نئے سکولوں کی رجسٹریشن کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیے گئے ہیں۔حکومت سندھ نے صوبے بھر میں نئے سکولوں کی رجسٹریشن کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹوریٹ پرائیوٹ انسٹیٹیوشنز سندھ نے ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے جس کے تحت صوبے اور شہر کے مضافاتی علاقوں میں قائم سکول کے لیے 200 گز پلاٹ کی شرط رکھ دی ہے۔
اسی طرح شہر کے پوش علاقوں کے لیے 400 گز پلاٹ کی شرط رکھ دی، 400 گز پلاٹ کے ساتھ سکول کی عمارت میں 10 کمرے اور آر سی سی بلڈنگ ہونا لازمی قرار دی گئی ہے۔ضابطہ اخلاق کے مطابق او لیول اور اے لیول کے سکولوں کے قیام کے لئے کم از کم 400 گز کا پلاٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
شہر کے پوش علاقوں میں او لیول اور اے لیول سکول کے لیے 600 گز پلاٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، اور ان سکول کی عمارت میں کم از کم 15 کمرے ہونا لازمی ہیں۔اسی طرح رجسٹریشن کے لیے بلڈنگ کا منظور شدہ نقشہ آلات سے لیس سائنس لیب لازمی قرار دی گئی ہے۔