مظفر گڑھ: سابق گورنر پنجاب غلام مصطفیٰ کھر کے بڑے بیٹے اور پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر عبدالرحمان کھر انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق عبدالرحمان کھر پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہونے کی وجہ سے جمعہ کو لاہور کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے، ان کی عمر 54 سال تھی۔ذرائع نے بتایا کہ رحمان کھر دو سال تک پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث زیر علاج رہے۔
ان کی نماز جنازہ ان کے آبائی قصبہ درہ کھر غربی نزد سناواں ٹاؤن، تحصیل کوٹ ادو، ضلع مظفر گڑھ میں ادا کی جائے گی۔
رحمان کھر سابق گورنر غلام مصطفی کھر کے بڑے بیٹے تھے اور 1993 سے 1996 تک پیپلز پارٹی کی حکومت میں وزیر رہے، وہ 1993 کے انتخابات میں پی پی 255 سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر ایم پی اے منتخب ہوئے۔