جنت مرزا گھوڑے سے گر کر زخمی ہو گئیں، ہسپتال داخل

11:02 PM, 11 Jun, 2021

لاہور: ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا گھوڑے سے گر کر زخمی ہو گئیں اور انہیں ہسپتال میں داخل کر لیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا نے اپنے آفیشل فیس بُک پیج پر لکھا ہے کہ وہ آج گھوڑے کی سواری کے دوران گر کر زخمی ہو گئی ہیں اور اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ جنت مرزا نے اپنے مداحوں سے صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل بھی کی ہے۔ 

خیال رہے کہ جنت مرزا کی کچھ دن قبل ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں مسیحیوں کی مذہبی علامت ’صلیب‘ کی طرز پر بنا ایک لاکٹ پہن رکھا تھا، جس پر بعد ازاں مسیحی افراد نے ان کے خلاف پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس کو مذہبی جذبات مجروح کرنے کی درخوست بھی دی تھی۔

مسیحی افراد کی جانب سے جذبات مجروح کرنے کے الزامات لگائے جانے کے بعد جنت مرزا نے مذکورہ واقعے پر معافی بھی مانگی تھی لیکن بعد ازاں سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ٹک ٹاکر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے لیے کہا تھا کہ انہیں نہ تو اسلام کا پتا ہے اور نہ ہی دیگر مذاہب کا علم ہے۔

بشریٰ انصاری کی تنقید کے بعد جنت مرزا اور ان کی بہن ٹک ٹاک اسٹار علیشبہ انجم نے بھی اداکارہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’آنٹی، اماں جی اور جاہل‘ جیسے الفاظ سے پکارا تھا۔ تاہم سینئر اداکارہ کی جانب سے معافی مانگے جانے اور وضاحت کیے جانے کے بعد جنت مرزا نے بھی اپنے الفاظ پر معذرت کرتے ہوئے بشریٰ انصاری سے معافی مانگ لی۔

مزیدخبریں