وزیراعظم کو آئندہ مالی سال میں 24 لاکھ 41 ہزار روپے تنخواہ ملے گی

10:00 PM, 11 Jun, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم کو آئندہ مالی سال میں 24 لاکھ 41 ہزار روپے تنخواہ ملے گی اور وفاقی بجٹ میں رقم مختص کر دی گئی۔

وفاقی بجٹ 2021-22 کی دستاویزات کے مطابق وزیر اعظم آفس اخراجات کے لیے 46 کروڑ 10لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ صدر مملکت کے آفس ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کے لیے 40 کروڑ پچاس لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔

صدر مملکت کے ذاتی آفس ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کے لیے اکسٹھ کروڑ پچاس لاکھ روپے مختص ہوں گے۔ وفاقی وزراء اور وزراء مملکت کی تنخواہوں اور دیگر مراعات کے لیے اکیس کروڑ اسی لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔

مشیروں کی تنخواہوں اور دیگر مراعات کے لیے تین کروڑ روپے کی تجویز دی گئی۔ معاونین خصوصی کے لیے 2 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجاویز دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مالی سال 22-2021 کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کردیا۔ بجٹ کا کل حجم 8 ہزار 487 ارب روپے ہے۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم 900 ارب روپے، دفاع کیلئے 1373 ارب ، سود کی ادائیگیوں کیلئے 3 ہزار 60 ارب، تنخواہوں اور پنشن کیلئے 160 ارب اور صوبوں کو این ایف سی کے تحت ایک ہزار186 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں