اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے پاکستانیوں کو خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس رجیم میں 40 فیصد تک کمی کی تجویز دی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق شوکت ترین کا کہنا تھا کہ موبائل فونز پر موجودہ ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 12.5 فیصد سے کم کرتے ہوئے 10 فیصد کر نے کی تجویز ہے جبکہ موبائل سروسز پر ود ہولڈنگ ٹیکس 8 فیصد تک بتدریج کم کیا جائے گا ۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ تین منٹ سے زائد جاری رہنے والی فون کالز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ ڈیٹا کے استعمال اور ایس ایم ایس پر بھی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مالی سال 22-2021 کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کردیا۔ بجٹ کا کل حجم 8 ہزار 487 ارب روپے ہے۔
ائندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم 900 ارب روپے، دفاع کیلئے 1373 ارب ، سود کی ادائیگیوں کیلئے 3 ہزار 60 ارب، تنخواہوں اور پنشن کیلئے 160 ارب اور صوبوں کو این ایف سی کے تحت ایک ہزار186 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔