اسلام آباد: اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج 3 بجے ہوگا۔ اجلاس کی صدارت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کریں گے۔
نیو نیوز کے مطابق اپوزیشن کے پارلیمانی لیڈران کا اجلاس شہباز شریف کے چیمبر میں ہوگا۔ پیپلز پارٹی بھی اجلاس میں شرکت کرے گی۔ پیپلز پارٹی کی اپنی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 2 بجے کمیٹی روم نمبر 5 میں ہوگا۔
دوسری طرف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے لاتعلقی اختیار کرنیوالی دونوں جماعتیں پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی حکومت کی جانب سے بجٹ پیش کئے جانے کے موقع پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی سربراہی میں قومی اسمبلی میں مکمل ہم آہنگی اور بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کریں گی ۔
حکمت عملی وضع کرنے اور ایوان میں اپوزیشن کے یکجا ہونے کے حوالے سے اجلاس سے قبل تمام جماعتیں مشاورت کریں گی بعد میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا علیحدہ اجلاس بھی ہوگا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پی ڈی ایم سے لاتعلقی کے باوجود ہم حکومت کیخلاف بجٹ کے موقع پر یک نکاتی ایجنڈے پر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کیساتھ ہیں ۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن بھی شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کراچکے ہیں کہ اس بات سے قطع نظر کہ پی ڈی ایم میں کونسی جماعتیں موجود ہیں اور کون لاتعلقی کا اظہار کررہے ہیں، پارلیمانی امور میں اپوزیشن لیڈر کا مکمل ساتھ دیا جائیگا، حکومت کیخلاف میاں صاحب ایوان میں ہونگے۔