نئی دہلی: سری لنکا کرکٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے خط لکھ کر دورے سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال میں بھارتی ٹیم کا دورہ سری لنکا ممکن نہیں ہوگا۔
سری لنکن بورڈ کے مطابق بھارتی ٹیم نے اس ماہ 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی کے لیے سری لنکا کا دورہ کرنا تھا تاہم ہمیں بتایا گیا ہے کہ کورونا کے باعث بھارتی ٹیم نے ابھی ٹریننگ کا آغاز بھی نہیں کیا اور وہ کرکٹ سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے اپنی حکومت اور صحت کے حکام کی ہدایات پر عمل کریں گے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم مستقبل میں سری لنکا کے دورے کے حوالے سے اپنے وعدوں پر قائم ہے اور بہتر موقع دیکھ کر سری لنکا کا دورہ کیا جائے گا۔
بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال میں دورہ کرنا مناسب نہیں اور یہ کھلاڑیوں کی صحت کے لیے محفوظ نہیں ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں معاشی، تجارتی اور کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہیں جب کہ کئی بڑے میگا ایونٹس بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں جن میں ٹوکیو اولمپکس بھی شامل ہے۔
رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد بھی خطرے میں ہے اور انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ اس کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ ماہ ہو گا۔