نیب میں پیش ہونے کے بعد شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، سلیمان شہباز

04:55 PM, 11 Jun, 2020

لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کا کہنا ہے کہ ان کے والد کا کورونا ٹیسٹ نیب دفتر میں پیش ہونے کے بعد مثبت آیا ہے۔

سلیمان شہباز نے اپنے بیان میں کہا کہ شہباز شریف نیب میں پیشی کے علاوہ گھر سے باہر نہیں نکلے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے نیب کو سوالنامہ بھیجنے یا اسکائپ کے ذریعے پیش ہونے کا کہا تھا لیکن نیب نے منع کر دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا کورونا کا ٹیسٹ نیب آفس میں پیش ہونے کے بعد مثبت آیا ہے۔

سلیمان شہباز نے کہا کہ اگر شہباز شریف کو کچھ ہوا تو ہمارا خاندان چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال، وزیراعظم عمران خان اور معاون خصوصی شہزاد اکبر کے خلاف مقدمہ درج کرائے گا۔

خیال رہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن رہائشگاہ پر اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔

اس متعلق (ن) لیگ رہنما عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ قوم سے دعاؤں کی درخواست ہے، اللہ تعالی شہباز شریف کو جلد صحتیاب کرے اور شہباز شریف کو ان حالات میں نیب میں طلب کر کے انکی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا ہے۔ تحریری طور پر نیب کو متعدد بار آگاہ کیا کہ شہباز شریف کینسر کے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور انکی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے۔ یہاں تک کہ ویڈیو لنک پر تفتیش کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔

مزیدخبریں