ممبئی :بھارت میں راستہ پوچھنے والے دو افراد کو ایک ہجوم نے یہ سمجھ کر مار دیا کہ یہ وہ لوگ ہیں جن کے بارے میں واٹس ایپ پر بچوں کو اغوا کرنے کی افواہ پھیلی تھی ، ملک کی شمال مشرقی ریاست آسام میں پولیس نے اس واقعہ کے بعد 16 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
انڈیا بھر میں بچوں کو اغوا کیے جانے کی افواہیں پھیل رہی ہیں جن کی وجہ سے گذشتہ ایک ماہ میں اب تک سات افراد مارے جا چکے ہیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں سوشل میڈیا پر پھیلنے والے پیغامات سے نمٹنے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔
اس طرح کے تازہ ترین واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کے نام نیلوتپال داس جو ایک آڈیو انجینیر تھے اور ابیجیت ناتھ ہیں جو ڈیجیٹل آرٹسٹ تھے ، پولیس کے مطابق ان دونوں کو اس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ ایک گاؤں کے پاس راستہ پوچھنے کے لیے رکے تھے۔
ان دونوں پر حملے کی ویڈیو ویک اینڈ پر وائرل ہو گئی تھی جس میں ایک شحض کو لوگوں کی منت سماجت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اتوار کو گواہاٹی میں طالب علموں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے ان ہلاکتوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔