اسلام آباد: تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں 90 فیصد ٹکٹس پر کوئی تنازع نہیں اور پی ٹی آئی کے لوگوں کو ٹکٹس نہ ملنے کا تاثر غلط ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان اور پارلیمانی بورڈ سے بھی غلطیاں ہو سکتی ہیں لیکن 90 فیصد ٹکٹس پر کوئی تنازع نہیں ہے اور تحریک انصاف نے مضبوط امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام درخواستیں آن لائن موصول کیں اور پی ٹی آئی کے لوگوں کو ٹکٹس نہیں ملے یہ تاثر غلط ہے جبکہ پیپلزپارٹی سے آنے والے 18 لوگوں کو بھی ٹکٹس ملے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل جاری ہے اور (ن) لیگ تو ابھی تک امیدواروں کے نام جاری نہیں کر سکی۔
مزید پڑھیں: حمزہ شہباز اور عائشہ احد کے درمیان معاملات طے پا گئے، کیسز واپس لینے کا فیصلہ
شریف خاندان کےخلاف نیب ریفرنسز پر بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ خواجہ حارث کو معلوم ہے ان کے موکل لٹک گئے ہیں اس لیے وہ کیس کو لٹکا رہے ہیں۔ یہ صرف مقدمہ لٹکانے کے بہانے ہیں جبکہ نہ ڈھیل ہونی چاہیے اور نہ ڈیل ہونی چاہیے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ یہ دلدل سے نکلنے کے لیے ہاتھ پاؤں چلا رہے ہیں اتنا ہی پھنستے جا رہے ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی نے لوڈشیڈنگ پر بات کرتے ہوئے کہا کراچی، لاہور اور دیہی علاقوں میں بد ترین لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے اور لوڈشیڈنگ پر عمران خان نے نگران وزیراعظم کو خط لکھا ہے ہمیں انتظار ہے کہ نگران وزیراعظم توانائی کے مسئلے پر آگاہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پریس کلب کے باہر لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا جائےگا اور کل 3 بجے پورے ملک میں پریس کلبوں کے باہر احتجاج کی کال دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ
واضح رہے تحریک انصاف میں انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر کارکنان نے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کےباہر احتجاج کیا تھا جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے کارکنان نے درخواستیں بھیجنے کا کہا تھا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں