لاس اینجلس: آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ جنیفر لارنس طیارہ حادثے میں بال بال بچ گئیں۔ جنیفر لارنس اپنے نجی طیارے میں سفر کر رہی تھیں کہ اچانک اس کے دونوں انجن فیل ہو گئے۔ صورتحال کے پیش نظر طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کروائی گئی۔
یہ واقعہ گزشتہ روز امریکی ریاست کنٹکی کے شہر لوئس ویل میں پیش آیا جہاں وہ اپنے خاندان سے ملاقات کرنے گئی تھیں۔ 26 سالہ اداکارہ جنیفر لارنس نے اپنے نجی طیارے میں جب واپسی کا سفر شروع کیا تو اچانک جہاز کے دونوں انجن فیل ہو گئے۔ انجنز کے فیل ہونے کے وقت جنیفر لارنس کا طیارہ 31 ہزار فٹ کی بلندی پر محو پرواز تھا تاہم اس موقع پر پائلٹ نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طایرے کو اسے بحفاظت اتار لیا۔
امریکی ریاست کنٹکی سے تعلق رکھنے والی جنیفر لارنس ایک چھوٹے سے فارم ہائوس میں پلی بڑھی جو ان کے والدین کا تھا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اپنے والد کے خاندان میں وہ پہلی لڑکی تھی جس کی پچاس سال بعد پیدائش ہوئی۔
اس فارم ہائوس میں ان کے والدین غیر تربیت یافتہ گھوڑوں کو پالتے تھے کیونکہ وہ سستے ہوتے تھے اور یہ خاندان ڈاکٹر کے پاس جانا بہت برا سمجھتا تھا یہی وجہ ہے کہ گھوڑے سے گرنے پر بھی جنیفر لارنس کو ڈاکٹر کو نہیں دکھایا گیا۔
بچپن سے ہی شوخ مزاج اور چنچل جنیفر کے لیے اسکول میں وقت گزارنا مشکل ہوتا تھا اور یہی وجہ ہے کہ 14 سال کی عمر میں وہ ایک ماڈلنگ ایجنٹ کے نظروں میں آنے کے بعد نیویارک منتقل ہو گئیں تھیں۔ انہیں اشتہارات ملنا شروع ہوگئے اور پھر 2006 سے 2008 تک ٹی وی ڈراموں سے انہیں شہرت ملی جس کے بعد گارڈن پارٹی ان کی پہلی فلم تھی جو 2008 میں ریلیز ہوئی۔ تاہم انہیں شہرت 2010 کی فلم ونٹر بون سے ملی جو آسکر کے لیے بھی نامزد ہوئی۔ اس فلم کے بعد ہی انہیں ایکس مین سیریز اور ہنگر گیمز سیریز کی فلموں میں اہم کرداروں میں کاسٹ کر لیا گیا تھا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں