کنگنا رناوت کیخلاف دھوکہ دہی اور اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کا مقدمہ درج

03:06 PM, 11 Jun, 2017

ممبئی: بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ جو اپنی شاندار اداکاری کے باعث کروڑوں شائقین کے دلوں میں گھر کر چکی ہیں ان ایک اور نئی مصیبت میں پھنس گئی ہیں۔ ہدایت کار کیتن مہتا نے کنگنا رناوت کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرواتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ کنگنا نے نہ صرف ان کا پروجیکٹ کوئین آف جھانسی چرایا بلکہ ان کے ساتھ دھوکہ کیا اور اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچایا۔

 خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ہدایت کار کیتن بھارتی تاریخ کی جنگجو خاتون رانی لکشمی بائی کی زندگی پر فلم بنانا چاہتے ہیں جس کا عنوان ’’جھانسی کی رانی جنگجو ملکہ‘‘ رکھنا چاہتے ہیں جبکہ اس فلم میں وہ کنگنا رناوت کو بطور ہیروئن لینے کا ارادہ رکھتے تھے۔ تاہم اب کنگنا نے اعلان کیا ہے کہ وہ بہت جلد رادھا کرشنا جاگر لامودی کی سوانح حیات پر بننے والی فلم کا حصہ بننے جا رہی ہیں یہ فلم بھی رانی لکشمی بائی کی زندگی پر مبنی ہے جس کا ٹائٹل ’’مانی کارنیکا کوئین آف جھانسی‘‘ ہے۔

کیتن نے بھارتی پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ وہ اپنی فلم کے حوالے سے سب کچھ کنگنا کے ساتھ متعدد بار شیئر کر چکے تھے اور اب وہ اس بات پر حیران ہیں کہ کنگنا اسی طرح کی ایک اور فلم میں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس پروجیکٹ پر گزشتہ 10 برس سے کام کر رہے ہیں۔ یہ پروجیکٹ میرے اور میری ٹیم کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے اور اب اگر کوئی اور اسے چرا لے تو یہ ہمیں قبول نہیں۔

بالی ووڈ ہدایتکار کی جانب سے بھیجے جانے والے قانونی نوٹس کے جواب میں کنگنا کے وکیل رضوان صدیقی نے اداکارہ کا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فلمیں ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں۔ ان پر لگائے جانے والے تمام الزامات بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی کنگنا کو ہریتھک روشن نے ہتک عزت کا دعویٰ کرتے ہوئے قانونی نوٹس بھیجا تھا جس کے جواب میں اداکارہ نے 21 صفحات پر مبنی جواب دیتے ہوئے الٹا ان ہی پر الزامات دھر دیئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں