لاہور: تحریک انصاف آج اپنی قیادت کا انتخاب کر رہی ہے۔ انصاف پینل کا مقابلہ کرنے کیلئے احتساب پینل میدان میں ہے اور پولنگ کا عمل صبح سے جاری ہے۔ 25 لاکھ رجسٹرڈ کارکن حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے تمام سینئر اور معروف رہنما ”انصاف پینل “ کے امیدوار بن گئے ہیں۔ احتساب پینل کے نیک محمد خان عمران خان کی جگہ لے پائیں گے یہ کل تک پتہ چل جائے گا۔
وائس چیئرمین کی سیٹ پر شاہ محمود قریشی کا پلڑا بھاری ہے جبکہ سید آفتاب شاہ بھی بازی الٹ سکتے ہیں۔ جہانگیرترین سیکرٹری جنرل کی سیٹ دوبارہ سنبھالنے کیلئے تیار ہیں لیکن ان کے مدمقابل ڈاکٹر شہزاد وسیم ہیں۔
سیاسی ماہرین انٹراپارٹی انتخابات میں عمران خان کے انصاف پینل کی کامیابی کے واضح امکانات ظاہر کر رہے ہیں تاہم حتمی نتائج کا اعلان منگل کو کیا جائے گا۔
موبائل فون کے ذریعے جاری پولنگ 12 جون رات 12 بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹ ڈالنے کیلئے عام میسج کے مطابق پیسے کٹیں گے اور 9008 پر ایس ایم ایس بھیجنے سے پیغام میں بیلٹ پیپر موصول ہو گا۔ دو پینلز کی وجہ سے ووٹرز صرف 1 یا 2 لکھ کر بھیج سکتے ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں