قاہرہ: مصری پارلیمنٹ نے بین الاقوامی فٹ بال فیڈریشن ’فیفا‘ سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ 2022ء میں ہونے قطرکی میزبانی میں فٹ بال ورلڈ کپ کے انعقاد کا فیصلہ واپس لے۔
عرب میڈیا کے مطابق مصری پارلیمنٹ میں کھیل اور امور نوجوانان کمیٹی کے چیئرمین انجینئر محمد فرج عامر نے ایک بیان میں کہا کہ پارلیمنٹ نے ‘فیفا‘ کی جنرل اسمبلی سے ہنگامی اجلاس منعقد کرنے اور فٹ بال ورلڈ کپ 2022ء کی قطر کی میزبانی کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
مسٹر فرج عامر کا کہنا ہے کہ فیفا سے ہمارا پرزور مطالبہ ہے کہ وہ دو ہزار بائیس کے فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی دوحہ سے واپس لے کر کسی دوسرے عرب ملک کو اس ورلڈ کپ کی میزبانی کا موقع دے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مطالبہ نہ صرف مصر کی جانب سے کیا گیا ہے بلکہ بحرین، کویت ، الجزائر اور اردن کی طرف سے بھی یہ مطالبہ سامنے آ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب اقوام اور فٹ بال کے شوقین دہشت گردی کے معاونت کار قطر کی میزبانی میں 2022ء کے فٹ بال ورلڈ کپ کے انعقاد کے سخت مخالف ہیں۔
یاد رہے گزشتہ دنوں سعودی عرب، مصر، بحرین، یمن، متحدہ عرب امارات، لیبیا اور مالدیپ نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کے الزامات عائد کرتے ہوئے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں