لاہور: سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تیسری برسی پر کارکنان کا لہو گرمانے عوامی تحریک کے سربراہ لاہور پہنچ گئے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں طاہر القادری نے حکمرانوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ کہتے ہیں قوم کو ایک نکاتی ایجنڈے پر جمع ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ عدل اور انصاف کا قتل عام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا سانحہ ماڈل ٹاؤن پر پیش رفت روک دی گئی ہے اور ماڈل ٹاؤن سانحے کے اصل ذمے دار دونوں افراد کو طلب ہی نہیں کیا گیا۔
طاہر القادری نے کہا پاناما لیکس کیس کی جے آئی ٹی مسلم لیگ ن کی الیکشن مہم تیار کر رہی ہے اور جے آئی ٹی کے ذریعے ن لیگ کا 2018 کا الیکشن نعرہ بن رہا ہے۔ حسین نواز کو کرسی پر بٹھا کر تصویر بنائی گئی جو ڈراما ہے اور تصویر اس لیے بنائی گئی تاکہ تاثر دیا جائے کہ ظلم ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جون 2014 کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاون میں تحریک منہاج القران کے مرکزی سیکریٹریٹ اور پاکستانی عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے سامنے قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا تھا مگر پی اے ٹی کے کارکنوں کی مزاحمت اور پولیس آپریشن کے باعث 14 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ 90 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں