نیپرا نے بجلی کے ٹیرف میں 7 روپے 12 پیسے اضافے کی منظوری دے دی

08:16 PM, 11 Jul, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:مہنگائی کے مارے عوام کو بجلی کا ایک اور جھٹکا، نیپرا نے بجلی کی بنیادی قیمت میں 7.12روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی۔ 
نیپرا نے حکومتی درخواست منظور کرلی۔ نیپرا اتھارٹی نے گزشتہ روز بنیادی قیمت میں اضافے کی حکومتی درخواست پر سماعت کی تھی۔نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی کے صارفین کے لیے یکساں ٹیرف کا فیصلہ جاری کردیا جس کے تحت فی یونٹ قیمت میں 7روپے 12 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔
نیپرا نے بجلی ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ نوٹیفکیشن کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا اور نوٹیفکیشن کا اجرا ہوتے ہی قیمتوں کا اطلاق ہو جائے گا۔حالیہ اضافے کے بعد گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48 روپے 84 پیسے تک ہوگا جبکہ ماہانہ 201 سے 300 یونٹ تک یونٹ استعمال کا ٹیرف 7.12 روپے اضافے سے 34.26 روپے ہو جائے گا۔
ماہانہ 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف7.02 روپے اضافے سے 39.15روپے جبکہ ماہانہ 401 سے 500 یونٹ کا ٹیرف استعمال کرنے والے کے لیے 6.12روپے اضافے سے ٹیرف 41.36روپے ہو جائے گا۔
ماہانہ 501 سے 600یونٹ کا ٹیرف 6.12روپے اضافے سے 42.78روپے جبکہ 601 سے 700 یونٹ کا ٹیرف 6.12روپے اضافے سے 43.92 روپے ہوجائے گا۔
ماہانہ 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 48.84 روپے ہوجائے گا اور ٹیکسوں کو ملا کر سلیب کے حساب سے فی یونٹ ٹیرف کی قیمت بڑھ جائے گی۔ماہانہ 50 یونٹ تک استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ3.95 روپے برقرار رہے گا جبکہ ماہانہ 51سے100 یونٹ تک کے لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ7.74 روپے برقرار رہے گا۔

مزیدخبریں