لاہور:جماعت اسلامی نے اسلام آباد دھرنا 26 جولائی تک موخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عوام کو ریلیف نہیں مل رہا ہے، حکمرانوں کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئےہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پی کی مد میں 42 ارب ڈالر پاکستان کے عوام نے دیے ہیں، یہ پیسے ہم سے بجلی کے بلوں اور ٹیکس کی مد میں وصول کیے جاتے ہیں، انہوں نے سوال اٹھایا کہ صدر مملکت آصف زرداری بتائیں انہوں نے کتنا ٹیکس دیاہے؟۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کل پورے ملک میں احتجاجی کیمپ لگائیں گے، فیصلہ کیا ہے اسلام آباد میں دھرنا 26 جولائی کو دیں گے، اگر حکومت سمجھتی ہے کہ دھرنا نہیں ہونا چاہیے تو عوام کو ریلیف دے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا تھا کہ ملک بھر میں شدید بحران ہے، بجلی کے بل بجلی بموں کی صورت میں عوام پر گرے ہیں، خواتین اپنے زیورات بیچ کربجلی کے بل دے رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول و گیس کی قیمت میں اضافہ کیا، پھر آئی ایم ایف کے مطالبے پر ٹیکسز لائے جا رہے ہیں، یہ عوام کو مزید ٹیکسوں کے نیچے دبانا چاہتے ہیں۔