توہین الیکشن کمیشن و کمشنر کیسز :فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

توہین الیکشن کمیشن و کمشنر کیسز :فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

 اسلام آباد: توہین الیکشن کمیشن اورتوہین چیف الیکشن کمشنر کیسز   میں الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔


الیکشن کمیشن میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور فواد چودھری کیخلاف توہین چیف الیکشن کمشنر اور توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی۔ الیکشن کمیشن نے مسلسل غیر حاضری پر فواد چودھری کی قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔


حکام الیکشن کمیشن نے کہا کہ جنوری میں آخری بار ہائیکورٹ میں اس کیس کی سماعت ہوئی تھی، ہائیکورٹ نےحتمی آرڈر پاس کرنے سے روکا تھا لیکن کارروائی کی جا سکتی ہے۔ وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن جوابدہ کی ورچول حاضری کو یقینی بنا سکتا ہے۔


ممبر الیکشن کمیشن نے بتایا کہ جوابدہ کیا ویڈیو لنک سے حاضری لگوا سکتے ہیں؟ سول کیسز میں تو حاضری ضروری نہیں، کریمنل کیس میں حاضری لازمی ہے۔معاون وکیل بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ قانون شہادت میں آپ ٹیکنالوجی کو استعمال کر سکتے ہیں، کورٹ ورچول حاضری کی اجازت دے سکتی ہے۔


ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ فواد چودھری تو جیل میں نہیں انکا وارنٹ نکالتے ہیں، وکیل کی حاضری سے استثنی تو چل جائے گی لیکن فواد چودھری کہاں ہیں، ہم فواد چودھری کے معاملہ پر فیصلہ کرتے ہیں۔معاون وکیل کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ میں فواد چودھری کا کیس چل رہا ہے، لیگل ونگ نے کہا کہ ہمارے کیسز کو انہوں نے ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے، ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہائی کورٹ میں تو فواد چودھری کی حاضری ضروری نہیں، کمیشن آزاد ہے، کسی کے ماتحت نہیں، فواد چودھری کے قابل ضمانت وارنٹ نکالیں۔


الیکشن کمیشن نے مسلسل غیر حاضری پر سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے  کیس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔

مصنف کے بارے میں