لاہور : سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 9 مئی کے حوالے سے 8 مقدمات میں عبوری ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ 4شہروں میں دہشتگردی کے مقدمات میں عدالت عبوری ضمانت کی درخواستوں پر رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قراردے دی۔
عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے ضمانت کی درخواستیں دائر کیں۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انھیں راولپنڈی، میانوالی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں درج مقدمات میں نامزد کر دیا گیا ہے اور وہ ان مقدمات میں شامل تفتیش ہوکر حقائق سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں تاہم سکیورٹی مسائل درپیش ہیں۔
درخواست میں لاہور ہائیکورٹ سے درخواست ضمانت پر سماعت کرنے کی استدعا میں کہا ہے کہ اس سے قبل اینٹی کرپشن کے مقدمے میں بھی لاہور ہائی کورٹ نے براہ راست درخواست ضمانت پر سماعت کی ہے لہذا لاہور ہائی کورٹ آٹھوں مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرے اور پولیس کو ان مقدمات میں گرفتاری سے روکے۔