لوئیر دیر میں گاڑیوں کی ایسی ورکشاپ جہاں تمام ملازمین انجینئر ہیں

12:56 PM, 11 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

لوئر دیر:  مکینکل انجنیئر اعجاز اللہ نے لوئر دیر میں ’کار ڈاکٹر‘ نامی ورکشاپ بنا رکھی ہے جہاں وہ اسٹیتھو سکوپ کی مدد سے گاڑیوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر گاڑیوں سے متعلق آگاہی ویڈیوز بھی پوسٹ کرتے ہیں۔  ورکشاپ میں باقی تمام ملازمین بھی انجینئرز ہیں جو  گاڑیوں کی تمام تر معلومات سے بخوبی واقف ہیں۔

خیبر پختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن کے ضلع لوئر دیر میں ’کار ڈاکٹر‘ نامی ورک شاپ کو ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اعجاز اللہ چلاتے ہیں جو روایتی گاڑیوں کی ورک شاپ سے کچھ مختلف کر رہے ہیں اور انہوں نے عوامی آگاہی کے لیے ٹک ٹاک اور فیس بک پر ویڈیوز کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جہاں وہ گاڑیوں کی مرمت اور اس حوالے سے مختلف مفروضوں کے بارے میں لوگوں کو بتاتے ہیں۔

اس ورکشاپ کی بنیاد 2020 میں رکھی گئی تھی, گاڑیوں کی سکیننگ، ڈائیگنوسٹکس سے لے کر انجن رپیئرنگ سمیت الیکٹریشن اور گاڑیوں کے مختلف ماہرین موجود ہیں۔

اعجاز کے مطابق اس ورکشاپ میں روایتی طریقے سے گاڑیوں کے مسئلے حل نہیں کیے جاتے۔  ہم نے اس ورکشاپ میں جدید سکینرز نصب کیے ہیں جہاں پر ہائبرڈ سمیت تمام کمپیوٹرائزڈ گاڑیوں کو سکینرز کی مدد سے پہلے باقاعدہ ڈائیگنوز کیا جاتا ہے اور اس کے بعد ان کی صیح اور معیاری مرمت کی جاتی ہے۔ 

انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے اس ورکشاپ میں تعلیم یافتہ عملہ رکھا ہوا ہےکیونکہ دنیا بھر میں گاڑی کی مرمت کے جتنے بھی مینئول موجود ہیں وہ سب انگریزی میں ہیں اور عام مکینک کو ان کی سمجھ نہیں آتی۔

سوشل میڈیا پر ویڈیوز کے حوالے سے اعجاز اللہ نے بتایا ہم نے ٹک ٹاک ویڈیوز کا سلسلہ شروع کرنے سے پہلے نہیں سوچا تھا کہ اتنا اچھا فیڈ بیک آئے گا، اب صارفین مزید مسائل اور گاڑیوں کے حوالے سے پوچھتے ہیں اور ہم مستقبل میں یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں