کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی مکمل ڈوبا ہوا ہے لیکن کوئی کچھ نہیں کر رہا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ 15 سال سے شہر پر زبردستی مسلط انتظامیہ ناکام رہی ہے، مسائل کے حل کیلئے صوبائی حکومت اختیارات نچلی سطح تک پہنچائے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں ایک با اختیار مقامی حکومت کی ضرورت ہے جو شہریوں کے مسائل حل کر سکے، کراچی کے لوگوں سے لیا گیا ٹیکس کہاں جاتا ہے؟انتظامیہ میں موجود لوگوں کے پاس تمام اختیارات ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر کراچی کے ساتھ سالوں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جاتا رہا ہے، میرے پاس چار سال تک کوئی اختیار نہیں تھا۔
واضح رہے کہ کراچی میں شدید بارشوں کے باعث ہنگامی صورتحال پیدا ہو چکی ہے جس سے نمٹنے کیلئے فوج اور رینجرز کے جوان پہنچ گئے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
بارشوں سے کراچی بالخصوص جنوبی علاقوں میں گزشتہ 6 سے 8 گھنٹوں کے دوران شدید بارش ہوئی اور چند علاقوں میں 106 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔
شدید بارشوں کے باعث کراچی پانی میں ڈوب چکا ہے اور اب تک متعدد افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو چکے ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کراچی مکمل ڈوبا ہوا ہے لیکن کوئی کچھ نہیں کر رہا: وسیم اختر
05:38 PM, 11 Jul, 2022