سوات میں نواز شریف کڈنی ہسپتال قومی خزانے سے نہیں بنا، امیر مقام کا دعویٰ

09:20 PM, 11 Jul, 2021

پشاور: پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر امیر مقام نے دعویٰ کیا ہے کہ سوات میں نواز شریف کڈنی اسپتال قومی خزانے سے نہیں بلکہ فلاحی ادارے نے بنایا ہے اور اگر حکومت نے اسپتال کا نام تبدیل کرنے کی کوشش کی تو عوامی ردعمل سامنے آئے گا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا وزیراعلیٰ محمود خان نے بونیر میں جذبات سے کام لیتے ہوئے پختون روایات کی نفی کی اور ہمیں شرمندہ کیا کیونکہ مریم اورنگزیب ہماری مہمان تھی اور ان کے بارے میں نازیبا گفتگو کر کے وزیراعلیٰ نے بے شرمی کی تمام حدیں پار کر دیں۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ سوات میں کڈنی ہسپتال قومی خزانہ سے نہیں بلکہ ایک فلاحی ادارے نے بنایا ہے اور سی پیک سمیت کتنے منصوبوں سے نواز شریف کا نام ہٹاؤ گے؟ کیا عوام کے دلوں سے بھی نواز شریف کی محبت نکال سکوں گے؟۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پورے مالاکنڈ میں کڈنی ہسپتال نہ ہونے پر مالاکنڈ میں کڈنی اسپتال بنایا گیا تھا اور حکومت کو تکلیف صرف نواز شریف کے نام سے ہے اگر حکومت نے ہسپتال کا نام تبدیل کرنے کی کوشش کی تو عوامی ردعمل سامنے آئے گا۔ 

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت نے نواز شریف کڈنی اسپتال سوات کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزیدخبریں