اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ شہباز شریف پر الزام ہے کہ انھوں نے 25 ارب روپے جعلسازی سے پاکستان سے باہر بھیجے ہیں ، یہ رقم وہ ہے جو پتہ چل گئی اصل رقوم اس سے بہت زیادہ ہو سکتی ہیں ۔
اپنی ٹویٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ شہباز شریف ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم کو کسی سوال کا جواب دینے کو تیار نہیں کہتے ہیں بچوں کو پتہ ہو گا بچے مفرور کرا دئیے ان کا جیل سے باہر ہونا مذاق نہیں تو کیا ہے ؟
گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا تھا کہ آج شہباز شریف صاب نے نئی رنگ بازی کی ہے کہ ایف آئی اے کے افسران ان کو ہراساں کر رہے ہیں ۔
شہباز گل نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ان سے جب پوچھو لوٹا ہوا پیسا کہاں سے آیا ، یہ ہراساں ہو جاتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے آج عدالت میں بھی ڈرامہ کرنے کی کوشش کی ، جس پر معزز عدالت سے عزت افزائی کرائی گئی ۔ حضور لوٹ مار اور جعلی ٹی ٹی کا جواب دیں ۔ ڈرامے بہت ہو چکے ۔
واضح رہے کہ شہباز شریف نے آج الزام لگایا تھا کہ ایف آئی اے تفتیشی ٹیم نے ان سے اچھا سلوک نہیں کیا ۔ جبکہ ایف آئی اے نے شہباز شریف کے الزامات مسترد کر دیئے ہیں ۔