لندن: برطانیہ کے مشہور ڈیزائنر تھامس ہیتھرک نے بجلی سے چلنے والی ایک ایسی گاڑی متعارف کروائی ہے جو سڑک پر چلتے ہوئے فضائی آلودگی کا بھی صفایا کر سکتی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں گاڑیوں کی سالانہ نمائش گڈ وڈ فیسٹیول آف اسپیڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں تھامس ہیتھرک نے ایک ایسی منفرد گاڑی پیش کی جو سب کی توجہ کا مرکز بن گئی ۔ اس گاڑی کی خاص بات یہ ہے کہ وہ سڑک پر چلتے ہوئے فضائی آلودگی کا بھی خاتمہ کر دے گی ۔
اس حوالے سے برطانوی ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ چین کے آئی ایم موٹرز نے اُن سے گاڑی کو ڈیزائن کرنے سے متعلق رابطہ کیا تھا ۔ تھامس ہیتھرک نے مزید بتایا کہ چینی کمپنی کو ایک ایسے ڈیزائنر کی تلاش تھی جس نے پہلے کبھی کار ڈیزائن نہ کی ہو ۔
ڈیزائنر کے مطابق چین میں 2023 سے اس منفرد گاڑی کی پیداوار پر کام شروع ہو گا اور تقریبا 10 لاکھ گاڑیاں تیار کی جائیں گی ۔
گاڑی کی قیمت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے تھامس ہیتھرک نے کہا کہ اس کی ممکنہ قیمت 40 ہزار برطانوی پاؤنڈ یعنی تقریبا 90 لاکھ پاکستانی روپے ہو گی ۔
واضح رہے کہ برطانوی ڈیزائنر نے اس سے قبل لندن روٹ ماسٹر بس کو ڈیزائن کیا تھا لیکن انہوں نے گاڑی پہلی بار ڈیزائن کی ہے ۔