راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ امریکا اور برطانیہ کے اچھی طرح علم ہے کہ مریم نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے کتنے جعلی اکاؤنٹس موجود ہیں۔
راولپنڈی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مریم اور بلاول یہ کشمیر کا کیس صرف ٹی وی پر لڑنے جا رہے ہیں لیکن عمران خان کشمیر کا کیس دنیا میں لڑے گا۔
انہوں نے پیشگوئی کہ عمران خان آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جا رہے ہیں اور دنیا بھر میں کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے۔
افغانستان میں بڑھتی ہوئی کشیدہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امن کیلئے پہلے بھی دنیا کیساتھ تھے، ان بھی ہیں۔ پاک فوج کے پیچھے پورا پاکستان کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب افغانستان میں ایک سلجھا ہوا طالبان جنم لے چکا ہے۔ یہ بندوق سے فیصلے کرنے والے طالبان نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا تھا کہ پاکستان کسی بھی مسئلےسےنمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے، ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ افغانستان کی صورتحال دیکھ کر فیصلے کیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ افغان حکومت اور طالبان میں درمیانی راستہ نکلنا بہتر ہوگا۔ اس وقت کے افغان طالبان کافی تبدیل ہو چکے ہیں۔ افغان اپنے ملک کیلئے جو فیصلہ کریں، وہ ہمیں قبول ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت، فوج اور ادارے ہر طرح کے حالات کیلئے تیار ہیں۔ افغانستان نے ابھی بہت سے مراحل سے گزرنا ہے۔ افغانستان میں درمیانی راستہ نکلنے پر پوری دنیا کی بھلائی ہے۔ پاکستان کی صورتحال پرانے حالات سے بہتر ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ طالبان کو چھوٹی طاقت نہیں سمجھنا چاہیے، اس وقت آدھے افغانستان پر ان کا قبضہ ہے۔ افغان طالبان نے روس کو شکست دی اور امریکا کو انخلا پر مجبور کیا۔ افغان قوم اپنا فیصلہ خود کرے کہ انہوں نے مستقبل میں کیا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی سلامتی کے ساتھ تمام سیاسی جماعتیں کھڑی ہیں۔ قومی سلامتی کے مسئلے پر تمام لوگوں نے پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعادہ کیا۔
گزشتہ روز ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا تھا کہ چین پر سمجھوتہ کئے بغیر امریکا سے اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان نے یہ فیصلہ کیا ہوا ہے کہ اسے کس کے ساتھ جانا ہے۔