امیتابھ بچن کورونا کا شکار، اسپتال میں داخل

11:36 PM, 11 Jul, 2020

ممبئی: بالی ووڈ ورسٹائل اداکار امیتابھ بچن کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ جس کے بعد انھیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لیجنڈری اداکار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

امیتابھ بچن نے خود بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے کورونا مثبت آنے سے متعلق آگاہ کیا۔ اپنے پیغام میں امیتابھ بچن نے بتایا کہ ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے متعلق حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔امیتابھ نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کے اہل خانہ اور اسٹاف کے بھی ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن کے نتائج کا انتظار ہے۔

انھوں نے درخواست کی کہ وہ لوگ جو گزشتہ دس دنوں سے میرے قریب تھے وہ بھی اپنے کورونا ٹیسٹ کروا لیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اداکار کو کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کے بعد ممبئی کے ناناوتی اسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں