وزیراعظم عمران خان کا مقبوضہ کشمیر میں بوسنیا جیسی نسل کشی کے خدشے کا اظہار

06:05 PM, 11 Jul, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بوسنیا کے شہر سربرینیکا میں مسلمانوں کے قتل عام کے 25 سال مکمل ہونے پر خصوصی پیغام میں  مقبوضہ کشمیر میں بھی اسی طرح کی  نسل کشی کے خدشے کا اظہار کردیا۔

اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 25 سال پہلے سربرینیکا میں قتل عام آج بھی صدمے کا باعث ہے، یہ دن مجھے آج بھی یاد ہے اور آج بھی صدمہ ہے کہ عالمی برادری نے یہ واقعہ کیسے ہونے دیا؟.  سربرینکا اقوام متحدہ کی امن فوج کی محفوظ جنت تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کشمیری عوام کو مشکلات کا سامنا ہے اور 8  لاکھ بھارتی فوج نے 80 لاکھ کشمیریوں کو محاصرے میں رکھا ہوا ہے لہٰذا خطرہ ہے کہ کہیں مقبوضہ کشمیر میں بھی ایسا نہ ہو۔

ان کا کہنا ہے کہ ضروری ہے کہ ہم اس واقعے سے سبق سیکھیں اور  عالمی برادری کو مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ رونما ہونے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

خیال رہے کہ سربیا کی افواج نے 11 جولائی 1995 کو بوسنیا کے علاقے سربرینیکا میں ایک ہی دن میں 8 ہزار سے  زائد  مسلمانوں کا قتل عام کیا تھا جس میں مرد ، خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

مزیدخبریں