منی لانڈرنگ کیس: سندھ بینک کے عہدیداروں کا راہداری ریمانڈ منظور

04:59 PM, 11 Jul, 2019

کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری کے منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹ کیس میں سندھ بینک کے موجودہ اور سابق صدر سمیت تین ملزم نیب کورٹ میں پیش، عدالت نے طارق احسن، بلال شیخ اور ندیم الطاف کا 15 جولائی تک راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔

نیب پراسیکیوٹر شہباز سہوترا نے ملزموں کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزموں نے جعلی اکاؤنٹس کھول کر منی لانڈرنگ کی جبکہ ملزموں نے جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے ایک ارب روپے سے زائد رقم اومنی گروپ کو منتقل کی۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزموں کو سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف کیس کی سماعت کرنے والی نیب کورٹ میں پیش کرنا ہے لہذا ملزموں کا 15 جولائی تک راہداری ریمانڈ دیا جائے۔

نیب کورٹ نے ملزموں کے وکیل خواجہ نوید کی درخواست پر ملزموں کو اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت بھی دے دی۔

مزیدخبریں