صادق آباد: اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم، ہلاکتوں کی تعداد 19 ہو گئی

09:54 AM, 11 Jul, 2019

صادق آباد: ولہار اسٹیشن پر دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کی نتیجے میں19 افراد جاں بحق اور  متعدد زخمی ہو گئے۔اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس صادق آباد کے مطابق ولہار اسٹیشن پر لاہور سے کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس کھڑی مال گاڑی سے ٹکرائی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 3 سے 4 بوگیاں الٹ گئیں اور 6 سے 7 بوگیاں شدید متاثرہوئیں جبکہ اکبر ایکسپریس کا انجن مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) رحیم یار خان جمیل احمد کا کہنا ہے کہ ٹرینوں میں تصادم سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد  19 ہو گئی ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ ٹرین کے ڈبوں میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کے لیے ہیوی مشینری استعمال کی جا رہی ہے اور مسافروں کو کھانا اور پانی بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کو بسوں کے ذریعے منزل مقصود پر پہنچایا جائے گا۔

دوسری جانب ڈی پی او عمر سلامت کا کہنا تھا کہ صادق آباد حادثہ سگنل تبدیل نہ کرنے کے باعث پیش آیا۔ مسافر ٹرین کے لوپ لائن پر آنے کی وجہ بظاہر نظر نہیں آ رہی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 56 افراد کو ٹی ایچ کیو ہسپتال جبکہ 27 کو شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں پہلے ہی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

انہوں نے عوام سے خون کے عطیات دینے کے لیے فوری طور پر دونوں ہسپتالوں میں پہنچنے کی اپیل کی۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے حادثے کی تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین حادثہ انسانی غفلت کا نتیجہ ہے اور غفلت برتنے والوں کومعاف نہیں کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے رحیم یار خان انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

مزیدخبریں