نیروبی: انٹرنیشنل اسٹیٹس حاصل نہ ہونے کی وجہ سے کینیا ٹوئنٹی 20 کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل بناکر بھی ریکارڈ میں اپنا نام درج نہیں کرا پایا۔
ورلڈ ٹی 20 کوالیفائر میچ کے دوران روانڈا کیخلاف کینیا نے 6 وکٹ پر 270 رنز بنائے جس میں 20 چھکے شامل تھے، پانچ کھلاڑیوں نے 50 سے زائد رنز اسکور کیے، اس مقابلے میں کینیا کو 123 رنز کی کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
اب تک سب سے بڑا ٹی 20 اسکور3 وکٹ پر 263 رنز آسٹریلیا نے سری لنکا کے خلاف بنایا تھا۔ آئی سی سی نے تمام ممبر ممالک کو ٹوئنٹی 20 میں انٹرنیشنل اسٹیٹس دینے کا اعلان کیا ہے مگر اس کا اطلاق آئندہ برس یکم جنوری سے ہوگا۔