اسفند یار ولی کا انتخابی مہم جاری رکھنے کا اعلان

اسفند یار ولی کا انتخابی مہم جاری رکھنے کا اعلان
کیپشن: ہمت ہے تو سیدھی طرح میدان میں آئیں اور مقابلہ کریں، اسفند یار ولی۔۔۔فائل فوٹو

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے پارٹی کی انتخابی مہم جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے ہارون بلور کی شہادت پر کہا کہ پہلے باپ گیا پھر بیٹا شہید ہو گیا۔ بلور فیملی کو اس لیے ہدف بنایا جا رہا ہے کیونکہ جب تک یہ ہیں پشاور پر کوئی قبضہ نہیں جما سکتا۔

اے این پی کے سربراہ نے انتخابی مہم جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پرامن طریقے سے تین دن سوگ منائیں گے اور اس دوران کوئی جلسہ جلوس نہیں ہو گا۔ تین دن بعد پارٹی انتخابی عمل معمول کے مطابق شروع کرے گی۔

مزید پڑھیں: نواز شریف اور مریم نواز کی جیل منتقلی، نیب کو ہیلی کاپٹر فراہم کر دیا گیا

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ امپائر وہ نہیں رہا بلکہ یہ امپائر نہیں دہشتگرد ہیں۔ یہ لوگ جو بھی کرتے ہیں لیکن ہم نے میدان نہیں چھوڑنا کیونکہ ہم نے الیکشن لڑنا ہے اور انشاءاللہ جیتنا ہے۔

اسفند یار ولی نے کہا کہ ہر داڑھی والے کو نہیں پکڑ سکتے کیونکہ ہر داڑھی والے کو طالبان کہنا زیادتی ہو گی۔ ان میں ہمت ہے تو سیدھی طرح میدان میں آئیں اور مقابلہ کریں اور پیٹھ پر وار نہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کا ہارون بلور کی شہادت پر اہل خانہ سے اظہار افسوس

واضح رہے کہ گزشتہ رات پشاور کے علاقے یکہ توت میں خودکش حملہ آور نے عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں اے این پی امیدوار ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید ہو گئے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں