مسلم لیگ (ن) کی کارنر میٹنگ کے دوران ہوائی فائرنگ سے 9 سالہ بچہ ہلاک

12:35 PM, 11 Jul, 2018

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں مسلم لیگ (ن) کی کارنر میٹنگ کے دوران ہوائی فائرنگ سے 9 سالہ بچہ ہلاک اور 12 سالہ بچہ زخمی ہو گیا۔

لاہور کے صوبائی حلقے پی پی 168 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار خواجہ سعد رفیق کی انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنر میٹنگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ خواجہ سعد رفیق کی آمد سے پہلے ہی ایک مقامی رہنما اسلم بھٹی کے گن مین نے کھلے عام اسلحے کی نمائش کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کر دی۔

مزید پڑھیں: پیسے کی بیرون ملک منتقلی روکنا اصل مقصد ہے، چیف جسٹس

ایس ایس پی انویسٹی گیشن اویس ملک کے مطابق ایک گن مین کے ہاتھ سے بندوق پھسلی اور گولیاں سیدھی چلنے لگیں جس کی زد میں دو کمسن بچے آ گئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 9 سالہ مظہر جاں بحق جبکہ 12 سالہ فہد منظور زخمی ہو گیا۔ اس موقع پر بھگدڑ مچ گئی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گن مین فرار ہو گیا۔

بعدازاں پولیس نے چھاپہ مار کر مرکزی ملزم رمضان عرف بلا کو دو ساتھیوں شبیر اور بلال سمیت گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں