ہارون بلور کی شہادت، پی کے 78 میں انتخابات ملتوی

09:37 AM, 11 Jul, 2018

اسلام آباد: الیکشن 2018 کے سلسلے میں کارنر میٹنگ کے دوران خودکش حملے میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار بیرسٹر ہارون بلور کی شہادت کے بعد خیبرپختونخوا کے حلقے پی کے 78 میں انتخابات ملتوی کر دیئے گئے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق پی کے 78کے انتخابات امیدوار کی وفات کے باعث ملتوی ہوئے۔

الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ پی کے 78 کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پشاور دھماکا، ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید
 

ملک بھر میں عام انتخابات 25 جولائی کو ہونے جا رہے ہیں جس کے لیے سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔

پی کے 78 سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہارون بلور بھی گزشتہ روز پشاور میں ایک کارنر میٹنگ کے دوران اسٹیج کی جانب جا رہے تھے کہ ایک خودکش حملہ آور نے انہیں نشانہ بنا ڈالا۔ اس واقعے میں اے این پی رہنما سمیت 20 افراد شہید جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوئے۔

خیال رہے کہ ہارون بلور کے والد بشیر بلور بھی 22 دسمبر 2012 کو ایک خودکش حملے کے دوران شہید ہو گئے تھے۔

 

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں