پشاور دھماکا، ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید

08:32 AM, 11 Jul, 2018

پشاور: پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکا ہوا ہے جس میں اے این پی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید ہو گئے۔

دھماکا پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران ہوا۔ دھماکے میں 20 افراد شہید ہو گئے جن میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے اور اے این پی کے ’پی کے 78‘ کے انتخابی امیدوار ہارون بلور بھی شامل ہیں۔

دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ادارے جائے وقوع پہنچ گئے تھے ۔ تمام لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں لائی گئیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 50 سے زائد ہے جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔

مزید پڑھیں: الیکشن میں کسی اور ادارے کی مداخلت تسلیم نہیں کریں گے: نواز شریف

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہارون بلور تقریب کے مہمان خصوصی تھے ان کے پہنچنے پر حملہ آور نے ان کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے بعد اے این پی کے کارکنان بڑی تعداد میں جائے وقوع اور اسپتال پہنچ گئے۔

اطلاعات آئی تھیں کہ ہارون بلور کے ساتھ ان کے بیٹے دانیال بلور بھی موجود تھے اور وہ بھی زخمی ہو گئے ہیں تاہم اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ محفوظ ہیں۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دھماکے میں کم از کم 8 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن وقت پر ہوں گے، فوج کا کردار معاونت کا ہے، ترجمان پاک فوج

یاد رہے کہ جائے وقوع سے کچھ ہی فاصلے پر 22 دسمبر 2012ء میں اے این پی کے رہنما بشیر بلور پر خودکش حملہ ہوا تھا جس میں بشیر بلور سمیت 9 افراد شہید ہو گئے تھے۔ بشیر بلور کو بھی لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں