پاناما ڈرامہ کے ڈائریکٹر بیرونِ ملک اور مرکزی کردار عمران خان ہیں ، سعد رفیق

پاناما ڈرامہ کے ڈائریکٹر بیرونِ ملک اور مرکزی کردار عمران خان ہیں ، سعد رفیق

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے  سعد رفیق نے وزیرخزانہ اسحٰق ڈار اور  بیرسٹر ظفراللہ  کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  پاناما کا جو ڈرامہ رچایا گیا اس سازش کے ڈائریکٹر پاکستان سے باہر ہیں اور اس کے اداکار پاکستان کے اندر ہیں اور مرکزی کردار عمران خان ہیں۔انہوں نے کہا کہ  وقت آئے گا اور پتہ چل جائے گا کہ پاناما کی اصلیت کیا تھی اور اس کے جو بھی مقاصد تھے لیکن نشانہ پاکستان تھا۔ اس کی تیاری کی گئی ہے اور یہ تیاری 2 مہینے کی نہیں تھی بلکہ سال یا ڈیڑھ سال کی تیاری تھی۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کو سپریم کورٹ نے سوال دے کر بھیجا تھا اور آپ کو پارٹی بننے کے لیے نہیں بھیجا تھا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس طوطا مینا کہانی کے حوالے سے ثبوت عدالت میں پیش کیے جائیں گے جس کے بعد یہ بیانیہ بدل جائے گا۔انھوں نے جے آئی ٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جوکام دو مہینے میں کیا ہے وہ 6 آدمی 24 گھنٹےبھی کام کرے تو اتنے مختصرعرصے میں اس قدر زیادہ کام نہیں ہوسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی کوئی آف شور کمپنی نہیں ہے اور ہم اس کا بھی جواب سپریم  کورٹ میں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست خیرات میں نہیں لی،کسی ڈکٹیٹر سے ٹپ نہیں لی ۔ پاکستان میں احتساب کے ادارے موجود ہیں ،آزاد عدلیہ بھی موجود ہے ۔اپنی ہر تقریر میں عدالت کے سامنے سر جھکانے کی بات کی ۔انہوں نے کہا کہ کبھی کسی کے سامنے سر نہیں جھکایا لیکن عدالت کے سامنے ہمیشہ سر جھکایا ہے۔  انہوں نے کہا کہ اگر آزاد عدلیہ کا احترام ہم نہیں کریں گے تو اور کون کرے گا ؟عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ 

پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اخلاقی جواز کا رونا پیپلزپارٹی رورہی جن کی اپنی بداخلاقی کی کہانی ملک کے اندر اور باہر بکھری پڑی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی کو کرپشن پر بات کرتے ہوئے اپنی طرف دیکھنا چاہیے۔ 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں