کوہاٹ،قتل کی لرزہ خیز واردات میں ماں بیٹی کو گھر کے اندر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا

08:39 PM, 11 Jul, 2017

نیوویب ڈیسک

کوہاٹ:   کوہاٹ لاچی کے علاقہ درتپی میں رشتہ کے تنازعہ پر دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات میں ماں بیٹی کو گھر کے اندر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔دوہرے قتل کے واقعے کا مقدمہ تھانہ لاچی میں نامزدملزم اور اسکے چار نامعلوم ساتھیوں کے خلاف درج کرکے تلاش شروع کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے نواحی گاؤں درتپی میں مبینہ ملزم عمر سعید ولد عظمت خان سکنہ درتپی نے دیگر چارنامعلوم نقاب پوش ساتھیوں کے ہمراہ گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں سترہ سالہ لڑکی ذیافت بیگم اور اسکی والدہ صبیحہ ناز جاں بحق ہوگئیں۔

واردات کے بعد ملزمان فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے جبکہ مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کی غرض سے سول ہسپتال لاچی لائی گئیں جہاں پولیس تھانہ لاچی نے راحیل خان ولد عقل خان سکنہ درتپی کی مدعیت میں واقعہ اپنی بیٹی مقتولہ ذیافت بیگم کا رشتہ ملزم کو نہ دینے کا تنازعہ قرار دیکر ایک نامزد اور چار نامعلوم ملزمان کے خلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔

ذرائع کے مطابق ملزم مقتولین کا قریبی رشتہ دار ہے جس نے مقتولہ لڑکی کا رشتہ دینے سے انکار پر طیش میں آ   کر اسے اور اسکی والدہ کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتارنے کا ارتکاب جرم کرلیا ہے۔

پولیس نے واقعہ کی ایف آئی آر درج کرتے ہوئے واردات میں ملوث روپوش ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد قبضے میں لیکر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے تاہم فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

مزیدخبریں