پشاور: انکشاف ہوا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایڈز سے متاثرہ مریضوں کی تعدادڈھائی ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ ان مریضوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے ،ماہرین نے اس مہلک مرض سے بچنے کیلئے آگا ہی پھیلانے کی اپیل کی ہے۔
پشاور میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ایوب نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں ایڈز کنٹرول کے دو مراکز ہے جن میں 14سو مریض زیر علاج ہیں، ان میں 324کا تعلق فاٹا اور 155کا تعلق افغانستان اور باقی خیبرپختونخوا کے رہائشی ہیں ،شرکاءکو بتایا گیا کہ صوبے میں ایڈز سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2ہزار 750سے تجاوز کرگئی ہے جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔
ڈاکٹر ایوب کے مطابق رواں سال ایڈز کنٹرول پروگرام میں خواجہ سرا اور قیدیوں کےلئے علیحدہ فنڈز رکھے گئے ہیں جس کے استعمال سے اس مہلک مرض کی روک تھام میں مدد ملے گی ۔