پیداواری لاگت زیادہ ہونیکی وجہ سے انڈسٹریز اور ٹریڈرز کو نقصان پہنچ رہا ہے : پیاف

05:15 PM, 11 Jul, 2017

نیوویب ڈیسک

لاہور:  پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے حکومت سے برآمدات میں اضافے کے لئے بجلی کی قیمتوں میں فوری کمی اور تمام ریفنڈز فوری دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ پیداواری لاگت میں کمی لائی جا سکے۔ملک میں پیداواری لاگت زیادہ ہونیکی وجہ سے انڈسٹریز اور ٹریڈرز کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ اس کی بڑی وجہ ریفنڈز کا نہ ملنا اور انرجی کی بڑھتی ہوئی لاگت ہے جو کہ ہمارے ہمسایہ ممالک کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ ،مہنگی بجلی سے صنعتکاروں کے ساتھ ساتھ عوام بھی پریشانی کا شکار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے  پیاف پارلیمانی کمیٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔برآمد کنندگان کے رکے ہوئے سیلز ٹیکس ریفنڈ کی ادائیگی کیلئے 3ارب روپے جاری کرنے کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے پیاف کے پیٹرن انچیف میاں انجم نثار نے کہاکہ بز نس کمیونٹی کے چھوٹے بڑے تمام رکے ہوئے ریفنڈز فوری ادا کر دیے جائیں چونکہ سیلزٹیکس ریفنڈ  ادا نہ ہونے سے برآمد کنندگان سرمائے کی کمی کا شکار ہیں جس کا اثر ملکی برآمدات میں کمی کی صورت میں نکل رہا ہے اور تجارتی خسارہ تاریخ کی بلند ترین سطح 32ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریفنڈ کی ادائیگی سے برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوگی اور برآمد کنندگان پاکستانی مصنوعات بیرون ملک ارسال کرکے ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرینگے ۔

اس موقع پر پیاف پارلیمانی کمیٹی نے چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ   کو صدر مسلم لیگ ن تاجر ونگ لاہور بننے پر مبارکباد دی۔

مزیدخبریں