لاہور:لاہور ہائیکورٹ کو بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے 85سال عمر کے بزرگ پنشنرز کو ڈبل پنشن کے بقایا جات کی مد میں 90کروڑ روپے ادا کر دیئے ہیں، اگلے مرحلے میں 80سالہ پنشنرز کو ادائیگیاں شروع ہوں گی ۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے بزرگ پنشنرز کو ڈبل پنشن کے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت کی، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل احمد حسن نے عدالت میں محکمہ خزانہ کی طرف سے رپورٹ داخل کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے 85سال سے زائد عمر کے بزرگ پنشنرز کو ڈبل پنشن کے بقایا جات کی مد میں 90کروڑ روپے کی ادائیگیاں کر دی ہیں، اس کیٹیگری کے جو بزرگ جیسے جیسے محکمے کو درخواستیں دیتے جائیں گے.
انہیں بقایاجات کی ادائیگیاں کرتے جائیں گے ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے مزید موقف اختیار کیا کہ دوسرے مرحلے میں 85سالہ پنشنرز کو ڈبل پنشن کے بقایاجات کی ادائیگیاں کی جائیں گی ، بزرگ پنشنرز کی طرف سے صفدر شاہین پیرزادہ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ بزرگ پنشنرز کو ادائیگیوں میں تاخیر برتی جا رہی ہے، عدالت نے دونوں طرف سے دلائل سننے کے بعد مزید سماعت ستمبر کے آخری ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے ادائیگیوں کی پراگریس رپورٹ طلب کر لی ہے.
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔