واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن اگلے ہفتے اوول آفس سے قوم سے اپنا الوداعی خطاب کریں گے۔ ترک نیوز ایجنسی انادولو کی رپورٹ کے مطابق جو بائیڈن نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری سے چند دن قبل قوم سے خطاب کریں گے۔
صدر بائیڈن اپنی مدتِ صدارت کے دوران آخری بار اوول آفس سے خطاب کریں گے، جس میں وہ اپنی انتظامیہ کی خارجہ پالیسی، عالمی سطح پر امریکا کے مقام، اور دیگر اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالیں گے۔
بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ جب جو بائیڈن نے اقتدار سنبھالا، تو امریکا عالمی سطح پر کئی چیلنجز کا سامنا کر رہا تھا۔ ہمارے اتحادی کمزور ہو چکے تھے، چین سے مقابلے میں پیچھے تھے، اور امریکی فوج دنیا کی طویل ترین جنگ میں مصروف تھی۔ ان کے مطابق، صدر بائیڈن نے ان چیلنجز کا سامنا کیا اور ملک کو ایک مضبوط پوزیشن پر لے آئے۔
صدر بائیڈن اپنے الوداعی خطاب میں ان کامیابیوں پر روشنی ڈالیں گے جو ان کی قیادت کی بدولت حاصل ہوئیں، جن میں اتحادیوں کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانا اور امریکی عوام کے لیے بہتر نتائج فراہم کرنا شامل ہیں۔