بلاول بھٹو کا کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر زور

05:32 PM, 11 Jan, 2025

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کا خاندان تین نسلوں سے کراچی کی ترقی میں کردار ادا کرتا آ رہا ہے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شہر کے مسائل حل کیے جائیں گے۔

کراچی میں شاہراہ بھٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وفاق پر سندھ کے ساتھ ہمیشہ سے سوتیلا سلوک کرنے کا الزام عائد کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ شاہراہ بھٹو کا منصوبہ نہ صرف کراچی بلکہ پورے صوبے کو ملک سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں کراچی کے لیے بے شمار ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے، جن سے شہر میں روزگار اور صنعتی ترقی کو فروغ ملا۔

انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت سندھ حکومت نے کئی منصوبے کامیابی سے مکمل کیے ہیں، اور اس ماڈل کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔

 بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری کو مطمئن کریں تاکہ شہر کے ترقیاتی منصوبے بہتر طریقے سے آگے بڑھ سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کی کمی ایک دیرینہ مسئلہ ہے، اور اس پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور وفاق کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔

مزید کہا: "ہمارا عزم ہے کہ کراچی سمیت پورے سندھ کے مسائل کو حل کیا جائے اور اس کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید فروغ دیا جائے گا۔"
 

مزیدخبریں