اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملاقات حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے ان کی کوئی ذاتی ذمہ داری نہیں ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ ابھی تک نہ تو حکومت اور نہ ہی اپوزیشن نے مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس کے لیے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پی ٹی آئی کی کمیٹی کے عمران خان سے ملاقات کا انتظام حکومت نے کرنا ہے، اور یہ ان کی ذمہ داری نہیں۔
ایاز صادق نے کہا کہ حکومت اور اتحادی فیصلہ کریں کہ ملاقات ممکن ہے یا نہیں، اور وہ ایک یا دو روز کے نوٹس پر اجلاس بلانے کے لیے تیار ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ 4 جنوری کو اسد قیصر سے فون پر بات کی تھی اور پی ٹی آئی کے مطالبے کا پیغام حکومت تک پہنچا دیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں اور حکومت کے دیگر اہم ارکان سے براہ راست بات چیت بھی ممکن ہے۔