ریاض:ملک کو عالمی توجہ کا مرکز بنانے کے لیے سعودی عرب میں منفرد اقامے کیلئے 5 نئی کیٹیگریز متعارف کرانے کا فیصلہ کیاگیاہے۔ سعودی عرب کے منفرد اقامہ مرکز کے سربراہ ڈاکٹر ماجد بن عبد اللہ القصبی نے کہا ہے کہ منفرد اقامے کی 5 نئی کیٹگریز متعارف کرائی جارہی ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن اور ملک کو عالمی توجہ کا مرکز بنانے کے لیے نئی کیٹیگریز متعارف کرائی جارہی ہیں، 5 نئی کیٹیگریز میں پہلی غیر معمولی کارکردگی کے حامل افراد کے لیے ہوگی جو ادارتی، صحت، علمی یا تحقیقی شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے کے قابل ہوں گے۔
دوسری کیٹگری ہنر مندی کی بنا پر ہوگی اور اس میں وہ لوگ ہوں گے جو ثقافتی یا کھیلوں میں یا کسی بھی شعبے میں غیر معمولی ہنر مندی دکھانے کے قابل ہوں گے۔تیسری کیٹیگری انویسٹرز ، چوتھی تجارتی اور پانچویں غیر منقولہ جائیداد کی ملکیت کے لیے ہوگی۔منفرد اقامہ کے حامل افراد کو سعودی عرب میں رہائش اور کام کرنے کے علاوہ دیگر متعدد سہولتیں حاصل ہوں گی۔