کیلیفورنیا: میٹا نے فیس بک اور انسٹا گرام کے نوجوان صارفین کے تحفظ کے لیے نئے ٹولز متعارف کرا دیے۔
میٹا کی ایک بلاگ پوسٹ کے مطابق نوجوانوں کے تحفظ کے لیے انسٹاگرام اور فیش بک میں نئی پالیسیوں کا اطلاق کیا جا رہا ہے۔ نئی پالیسیوں کے تحت 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے خودکشی، خود کو نقصان پہنچانے اور ایٹنگ ڈس آرڈرز (eating disorders) جیسے حساس مواد تک سرچ اور ایکسپلور جیسے فیچرز کے ذریعے رسائی زیادہ مشکل ہو جائے گی۔
بلاگ پوسٹ میں کمہنی کا کہنا تھا کہ تمام نوجوانوں کے فیس بک اور انسٹا گرام اکاؤنٹس کی سیٹنگز کو تبدیل کرکے حساس مواد تک رسائی کو مشکل بنایا جائے گا۔
بلاگ کے مطابق اگر کوئی کم عمر صارف ایسے اکاؤنٹ کو فالو کرتا ہے جو حساس موضوعات پر پوسٹنگ کرتا ہے، تو وہ پوسٹس اس نوجوان کی فیڈ پر نظر نہیں آئیں گی۔
کمپنی کی جانب سے کہا گیا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو ہماری ایپس میں محفوظ اور ان کی عمر کے مطابق مناسب مواد میسر ہو، اس کے لیے ہم کم عمر صارفین کو اضافی تحفظ فراہم کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔ ان اقدامات پر عملدرآمد آنے والے ہفتوں میں کیا جائے گا۔