پنجاب اور کے پی انتخابات میں تاخیر کیخلاف اپیل غیر موثر ہونے پر نمٹا دی گئی

01:39 PM, 11 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات میں تاخیر کے ذمے داران کے خلاف کارروائی کے لیے پی ٹی آئی کے رہنما سید ظفر علی شاہ کی درخواست  غیر موثر ہونے پر نمٹا دی گئی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات میں تاخیر کے ذمے داران کے خلاف کارروائی کیلئے سید ظفر علی شاہ کی درخواست پر سماعت کی۔سپریم کورٹ نے سید ظفر علی شاہ کی درخواست غیر موثر ہونے پر نمٹاتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو انتخابات کی تاریخ کے بعد موجودہ درخواست غیر موثر ہوچکی ہے۔

دوران سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عسیٰ نے ریمارکس دیے کہ اب تو انتخابات کی تاریخ آچکی ہے، ہم کیسے آپ کی درخواست سنیں، انتخابات سے متعلق تمام مقدمات ترجیجی بنیادوں پر سن رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے ظفر علی شاہ سے استفسار کیا کہ کیا آپ انتخابات نہیں چاہتے، وکیل ظفر علی شاہ نے جواب دیا کہ جو لوگ تاریخ کے ذمہ دار ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، 22 مارچ 2023 کا انتخابات نہ کرانے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن چیلنج کیا۔ پنجاب اور کے پی میں انتخابات نہ کرانے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ درخواست وقت پر مقرر نہ ہونے کا ذمہ دار ادارہ ہوسکتا ہے میں نہیں، انتخابات سے متعلق تمام مقدمات ترجیجی بنیادوں پر سن رہے ہیں۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ کسی کے خلاف کارروائی کی درخواست ہی نہیں تو کیسے حکم دیں۔

مزیدخبریں