لاہور: اعتماد یا عدم اعتماد؟ پنجاب اسمبلی کا فیصلہ کن اجلاس 12 بج کر 5 منٹ تک ملتوی کر دیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اسمبلی پہنچ گئے ہیں جن کی جانب سے آج ہی اعتماد کا ووٹ لئے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا فیصلہ کن اجلاس جاری ہے جس میں حکومتی اتحاد کے 172جبکہ اپوزیشن اتحاد کے 154ارکان موجود ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی بھی اسمبلی پہنچ گئے ہیں اور ان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور (ق) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس جاری ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم کا کہنا ہے کہ کہا جا رہا تھا ہمارے پاس نمبرز پورے نہیں، آج ہم نے اپنے نمبرز پورے ظاہر کر دئیے ہیں، ہم نے سوچا ان کو آج نمبرز پورے کر کے دکھاتے ہیں، حافظ عمار یاسر ایوان میںآ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج قرارداد بھی آ سکتی ہے کہ پورا ایوان وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی پر اعتماد کا اظہار کرتا ہے تاہم متوقع قرارداد اعتماد کے ووٹ کی کارروائی نہیں ہو گی البتہ قرارداد کے ذریعے ارکان کو گنا جا سکتا ہے۔
ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم کا مزید کہنا ہے کہ اگر 186 سے زائد ارکان قرارداد میں گن لئے گئے تو وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد تو مل جائے گا جبکہ اس کے علاوہ ہمارے پاس ایک اور سرپرائز ہے۔
اعتماد یا عدم اعتماد، پنجاب اسمبلی کا فیصلہ کن اجلاس 12 بج کر 5 منٹ تک ملتوی
11:19 PM, 11 Jan, 2023