پشاور: سیف سٹی پراجیکٹ سے متعلق پولیس اور کنسلٹنٹ کے مابین معاہدے پر دستخط

09:00 PM, 11 Jan, 2023

سینٹرل پولیس آفس پشاور   میں سیف سٹی پراجیکٹ سے متعلق محکمہ پولیس اور کنسلٹنٹ کے مابین معاہدے پر دستخط ہوئے۔

 انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری، پراجیکٹ ڈائریکٹر سیف سٹی پشاور وقار احمد، پراجیکٹ کنسلٹنٹ ٹیم اور دیگر اعلیٰ افسران نے تقریب میں شرکت کی۔    میگا پراجیکٹ پشاور کے شہری علاقوں کو جدید آلات و ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ بنانے کے لیے سیکورٹی کا اہم منصوبہ ہے۔  جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ اس میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے مقامی لوگوں کی انتظامی اور معاشی زندگی میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہونگی۔

اس حوالے سے اعلیٰ حکام کا کہنا تھا کہ  پراجیکٹ کا بنیادی مقصد ہر قسم کی دہشت گردی اور دیگر جرائم بالخصوص اسٹریٹ کرائم ، کارچوری اور موٹر سائیکل کی چوری کا سدباب جدید ٹیکنالوجی اور آلات کے استعمال کے ذریعے یقینی بنانا ہے۔  سیف سٹی پراجیکٹ پولیس اصلاحات کا ایک اہم جز اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے یقینی بنانے کے لیے خیبر پختونخوا پولیس کی کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

پولیس حکام نے کہا کہ   پشاور شہر کی سیکیورٹی ، ٹریفک مینجمنٹ  اور دہشت گردی کی روک تھام  کو ہر حوالے سے یقینی بنایا جائیگا۔   منصوبے کے تحت 915 پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے   مجموعی طور پر اعلیٰ کوالٹی کے 3500 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔ کیمرے ایسے وینٹیج پوائنٹس  پر نصب کئے جائیں گے کہ  کیمروں کی نظر سے کوئی جرم اور مجرم اوجھل نہیں ہوگا۔

 ڈیجیٹلائزیشن پولیسنگ کے عمل سے ہر قسم کے جرائم میں ملوث افراد کی شناخت اور ریکارڈ تک رسائی منٹوں میں یقینی بنائی جائیگی ۔  ایک ہزار کلومیٹر پر آپٹیکل فائبر کیبل (OFC) بچھانے کے ساتھ ساتھ ایل ٹی ای (LTE) ٹاورز بھی نصب کئے جائیں گے۔  پورے شہر کی نگرانی اور ٹریفک کی روانی کو قائم رکھنے کے لیے مانیٹرنگ اور سرویلنس کے خود کار نظام سے آراستہ جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر  پولیس اسٹیشن شرقی میں قائم کیا جائے ۔  منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں حیات آباد میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائیگا۔   5 مہینے کی قلیل مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔

مزیدخبریں